• news

شہباز شریف ، عمران کو ” لاڈلہ “ کہہ کر پکارتے رہے 

وزیر اعظم شہباز شریف نے طویل وقفے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھر پور اور طویل خطاب کیا اور اپنی حکومت پر اٹھائے جا نے والے اعتراضات کے جواب دینے کے ساتھ عمران خان کے کردار پر تفصیل سے گفتگو کی۔ وہ اپنے خطاب کے دوران عمران خان کو”لاڈلا“کہہ کر پکارتے رہے، انہوں نے اپنی حکومت کی معاشی مشکلات کی وجہ عمران خان کے چار سالہ دور حکومت کو قرار دیا۔ انہوں نے عدلیہ کے کردار پر بھی بات کی اور حالیہ فیصلوں پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ ایوان میں ارکان توجہ سے وزیر اعظم کا خطاب سنتے رہے، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد بھی اپنی نشست پر موجود رہے، قومی اسمبلی میں وزیراعظم اجلاس شروع ہونے سے پہلے پہنچ گئے اور ارکان اسمبلی کی نشستوں پر جا کر ان سے ملتے رہے، ن لیگ کے ارکان اسمبلی وزیر اعظم سے ملاقات کرنے کے لیے لائن میں کھڑے ہو گئے اور وزیراعظم ایک ایک کر کے سب سے ملتے رہے وزیراعظم ابھی ارکان سے مل رہے تھے کہ سپیکر قومی اسمبلی پہنچ گئے اور قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گیا اور وزیراعظم اپنی نشست پر جا کر بیٹھ گئے اور باقی ن لیگ وزیراعظم سے ان کی نشست پر جا کر ملتے رہے، وزیر اعظم کے خطاب سے بظاہر یہ لگتا تھا وہ اپنی حکومت کا دوٹوک موقف بیان کر نے آئے ہیں اور حکومت اب مزید کسی قسم کی ”رعایت“نہیں برتے گی، ایوان میں بیٹھے ارکان وزیر اعظم کے خطاب کے دوران وقفے وقفے سے ڈیسک بجاتے رہے اور ان کے چہرے بتا رہے تھے شہباز شریف کے خطاب سے ان کو حوصلہ ملا ہے۔

چوہدری شاہد اجمل

چوہدری شاہد اجمل

ای پیپر-دی نیشن