پاکستان سے ملکر سی پیک ، اقتصادی ترقی کیلئے کام کرنے پر تیار : چین
بیجنگ (نیٹ نیوز) چین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کی اعلیٰ معیار کی تعمیر و ترقی اور پائیدار سماجی اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔ بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کی ترجمان ما¶ ننگ نے تھر کول پروجیکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں بجلی کے بحران میں کمی واقع ہوگی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سی پیک پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ پاکستان کے ساتھ مل کر سی پیک اور اقتصادی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے دونوں ملک اتحاد و اتفاق سے آگے بڑھ رہے ہیں جس کے مثبت نتائج اقتصادی ترقی اور توانائی کے شعبے میں بہتری کی صورت میں نظر آئیں گے۔ سی پیک اور تھر کول پروجیکٹ سے ملکی معیشت کو ترقی ملے گی، لوگوں کو روزگار حاصل ہو گا اور خوش حالی آئے گی۔