مقبوضہ کشمیر : قابض انتظامیہ کی دشمن پالیسیوں کیخلاف مظاہرہ ، سرینگر ، بارہمولہ ہائی وے بلاک
اسلام آباد، سرینگر (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ،لاپتہ شہری کی لاش ہندواڑہ سے برآمد کی گئی ،ضلع بڈگام میں آتشزدگی سے کم از کم ایک درجن بکریاں جل کر ہلاک ہو گئیں، ضلع اسلام آباد میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا ،شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لوگوں نے بدھ کو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ضلع کے علاقے سنگرامہ کے رہائشیوں نے بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے سرینگر بارہمولہ ہائی وے کو بلاک کر دیا جس سے گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ جسے انہیں رمضان المبارک کے دوران شدید مشکلا ت کاسامنا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد بار یہ مسئلہ متعلقہ حکام کے نوٹس میں لایا تاہم کوئی ازالہ نہیں ہو سکا اور اب وہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں۔سرحدی ضلع کپواڑہ سے ایک لاپتہ شہری کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کافوری نوٹس لے۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین اورسیکریٹری اطلاعات امتیاز وانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔