لاہورمیں درجنوں وارداتیں‘ پولیس نے ایک ڈاکو پکڑ لیا
لاہور (نامہ نگار) شہرکے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے‘ طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ پولیس نے ایک ڈاکو پکڑ لیا۔ ڈاکوؤں نے رائیونڈ سٹی میں شہزاد کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 10 لاکھ 20 ہزار، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، مسلم ٹاؤن میں یعقوب اور اس کی فیملی سے اسلحہ کے زور پر 5لا کھ7ہزار‘ زیورات اور موبائل فون، اقبال ٹاؤن میںعامر سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون،گلبرگ میں اکرم سے 80 ہزار اور موبائل فون، مصری شاہ میںعظیم سے 60 ہزار اور موبائل فون، مزنگ میں فیاض سے 40 ہزار اور موبائل فون، ماڈل ٹاؤن کے بلاک میں ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر کھڑے ڈاکٹر عادل سے 34ہزار اور موبائل فون، ٹاؤن شپ میں حماد سے 20ہزار اور موبائل فون، ساندہ میں علی سے 13 ہزار‘ موبائل فون،گرین ٹا ؤن میں صابر سے 6ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے مزنگ میں شفیق کی دکان سے 5لاکھ وسامان چوری کر لیا۔ گارڈن ٹاؤن، برکی اور گلشن راوی سے 3کاریں، لٹن روڈ سے رکشہ جبکہ نولکھا، شادمان، اسلام پورہ، شالیمار، مغلپورہ، مناواں، سندر، گلشن راوی کے علاقوں سے 8موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔سندر پولیس کو 15کال پر شہری سے گن پوائنٹ پر رقم چھیننے کی اطلاع موصول ہوئی کہ بدوپور کوٹ کے قریب چار مسلح ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹ رہے ہیں۔ پولیس آئی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ رکنے پر علاقے کا سرچ آپریشن کے دوران قریبی کھیتوں میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔ زخمی ڈاکو کی شناخت عرفان عرف کالو کے نام سے ہوئی ملزم کے قبضہ سے چھینی گئی رقم اور پسٹل بھی برآمد کر لیا ہے۔