بلوچستان میں شدید بارش‘ پل بہہ گیا‘ سبی‘ کوئٹہ کا زمینی راستہ منقطع
کوئٹہ (نیٹ نیوز) بلوچستان کے کئی علاقوں میں شدید بارش کے باعث نالوں میں طغیانی آگئی اور آمدورفت کے راستے بند ہو گئے ہیں جبکہ کوئٹہ اور سبی کا زمینی راستہ بھی منقطع ہو گیا۔ مکران‘ زیارت‘ قلات‘ قلعہ عبداللہ‘ ہرنائی‘ سوراب‘ پنجگور‘ گوادر‘ واشک سمیت کئی دیگر علاقوں میں رات گئے سے وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ قلعہ عبداللہ میں ندی نالے بپھر گئے ہیں۔ ندی نالوں میں طعینانی آنے سے آرمبی‘ کاکوزئی‘ توبہ اچکزئی سمیت دیگر علاقوں میں آمدورفت کے راستے بند ہو گئے ہیں۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ زیارت میں بجلی اور گیس کی سپلائی مکمل ہو گئی ہے۔ ماہ رمضان میں بجلی اور گیس کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے گھریلو صارفین کو مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ وادی بولان کے علاقے ڈھاڈر میں سیلابی ریلا این 65 قومی شاہراہ پر قائم عارضی پل کو بہا لے گیا۔ بحالی میں 24گھنٹے لگ سکتے ہیں۔