لکی مروت : تھانے پر حملہ پسپا ، مدد کیلئے آنے والی گاڑی بم کا نشانہ ، ڈی ایس پی ، 3 کانسٹیبل شہید
لکی مروت‘ اسلام آباد (نامہ نگار‘ آئی این پی‘ این این آئی) لکی مروت میں تھانہ صدر پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس لائنز سے روانہ ہونے والی کمک پارٹی بم حملے کا نشانہ بن گئی۔ حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اقبال مومند سمیت 4پولیس اہلکار شہید اور 7جوان زخمی ہوگئے۔ حکام نے کہا بدھ کی نصف شب دہشت گردوں نے بنوں میانوالی شاہراہ کے مصروف لکی درہ تنگ سیکشن پر چوکی جنڈ کے قریب واقع تھانہ صدر پر جدید خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ مختلف اطراف سے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم پولیس جوان پہلے ہی سے الرٹ تھے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا جو پسپا ہوکر فرار ہوگئے۔ حملے میں 5پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل فاروق اور کانسٹیبلز گل تیاز، اصغر، امانت اللہ اور عارف زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کا تعلق ضلع لکی مروت کے مختلف علاقوں سے ہے۔ پیر والا کے قریب سڑک پر بکتربند گاڑی آئی ای ڈی کا نشانہ بن گئی۔ دھماکے میں ڈی ایس پی اقبال مومند اور کانسٹیبلز وقار، کرامت اور علی مرجان شہید ہوگئے جبکہ ڈرائیور، کانسٹیبل سردار علی زخمی ہوگئے۔ ڈی ایس پی اقبال مومند سمیت چاروں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر بنوں سید اشفاق انور، بریگیڈئر عمران، ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبدالہادی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت محمد اشفاق خان، ڈی پی او بنوں ضیاءالدین احمد اور سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ پولیس کے ایک چاق وچوبند دستے نے شہداءکو سلامی پیش کی جبکہ پولیس و ملٹری اور سول انتظامیہ کے افسروں نے شہداءکے جسد خاکی پر پھول رکھے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ ریجنل پولیس آفیسر بنوں سید اشفاق انور نے شہداءکے لواحقین سے ملاقات کے دوران کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پولیس فورس ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ شہداءکا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کو جلد از جلد بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لکی مروت پولیس اپنی سرزمین کے دفاع اور حفاظت پر مرمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سر بکف رہے گی۔ انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کی طرف سے جانوں کی عظیم قربانی کو فرض شناسی کی اعلیٰ ترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس پیشہ ورانہ فرائض عوامی توقعات کے مطابق ادا کرتی رہے گی اور سبز ہلالی پرچم کو سربلند رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے لکی مروت میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے حملے میں ڈی ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ شہداءکو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔