• news

مالی مشکلات ، سیلاب زدگان کی بحالی بڑا چیلنج ، دوست ممالک نے مدد کی : بلاول 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے غیر ملکی سفیروں اور ڈپلومیٹک کور کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب میں کہا ہے کہ رمضان ہمیں مالی طور پر مشکلات کا شکار لوگوں کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کو بھی دیگر ملکوں کی طرح چیلنجز کا سامنا ہے۔ معاشی مشکلات کے ساتھ سیلاب زدگان کی بحالی بڑا چیلنج ہے۔ کرونا کے باعث عالمی سطح پر کئی چیلنجز کا سامنا رہا۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے بھی دنیا بھر کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریبوں کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دوست ملکوں نے ہماری مدد کی۔ جس کیلئے ہم دنیا کے شکر گزار ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انٹر فیتھ افطار ڈنر کا اہتمام وزارت خارجہ میں کیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزرائ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی، ڈین آف ڈپلومیٹک کور، اسلامی ملکوں سمیت مختلف ممالک کے سفیروں، وزارت خارجہ کے سینئر افسران اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان، سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ اور دیگر بھی افطار ڈنر میں شریک ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن