• news

مفت آٹا پیکج کی مانیٹرنگ ، بہاولپور کا دورہ ، صورتحال بہتر ہوگئی : محسن نقوی 


لاہور+بہاولپور (نوائے وقت رپورٹ+الیاس ذاکر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے وزیراعظم اور پنجاب حکومت کے مفت آٹا پیکیج کی مانیٹرنگ کے لئے مسلسل دورے جاری ہیں۔ محسن نقوی نے بہاولپورمیں فری آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز کے دورے کئے۔ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی اور گورنمنٹ عباسیہ ہائر سکینڈری سکول میں قائم سنٹرز کا معائنہ کیا اور مرد و خواتین سے سنٹرز پر انتظامات اور آٹے کی فراہمی کے بارے میں پوچھا۔ محسن نقوی نے ان کے مسائل سنے۔ محسن نقوی نے شکایات کے فوری ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔ محسن نقوی نے شہریوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے اہل افراد میں آٹے کے تھیلوں کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ مرد وخواتین کی اہلیت کے حوالے سے خود شناختی کارڈز کی تصدیق کرائی۔ محسن نقوی نے کہاکہ شہریوں کو سنٹرز پر بلاوجہ انتظار نہ کرایا جائے۔ بزرگ شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر آٹا دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بہاولپور میں سنٹرز پر اچھے انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ وفاقی و پنجاب حکومت کے اس تاریخی پیکیج سے عوام کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے اورمسلسل مانیٹرنگ سے صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ نے بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈ کارڈیک سنٹر اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا۔ مریضوں کی خریت دریافت کی اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے مفت ادویات نہ ملنے کے حوال سے شکایات کیں۔ محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ادویات مریضوں کو فری ملنی چاہئیں اور اس ضمن میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاوہ ازیں مفت آٹا سکیم کے دسویں روز مفت آٹے کے 2 کروڑ تھیلے شہریوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ محسن نقوی نے آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز پر فرائض سرانجام دینے والے افسروں اور عملے کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس ٹیم ورک کے طور پر اس نیک کام کو احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے ہر جمعة المبارک پر آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن