پاکستان جرنلسٹس فورم کی جانب سے یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد
دبئی (طاہر منیر طاہر) یوم پاکستان کے سلسلہ میں 23 مارچ کو پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پاکستان جرنلسٹس فورم کی طرف سے یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس میں پی جے ایف کے سابق صدر اشفاق احمد، موجودہ صدر طاہر منیر طاہر، نائب صدر سہیل خاور، جنرل سیکرٹری حافظ زاہد علی، انفارمیشن سیکرٹری اعجاز گوندل، ایگزیکٹو ممبران خالد محمود گوندل، کاشان تمثیل، عارف شاہد، احمد قریشی اور دیگر ساتھیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سب نے مل کر83 ویں یوم پاکستان کا کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ یوم پاکستان کی اس تقریب سے متذکرہ شرکائے تقریب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940ءکاروان ملّت اسلامیہ برصغیر پاک و ہند کے لئے ایک یادگار دِن تھا کہ جب لاہور کے منٹو پارک (اقبال پارک ) میں قائداعظم محمد علی جناح کی صدارت میں منعقدہ آل انڈیا مسلم لیگ کے جلسہ عام میں ایک الگ وطن کا مطالبہ کِیا گیا۔ پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ہر سال اِس دِن کو جوش و خروش سے مناتے ہیں اور حصول پا کستان کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دینے والوں کو یاد کرتے ہیں- مقررین نے کہا کہ ہمیں اپنے آباو¿ اجداد کی قربانیوں کو یاد رکھتے ھوئے وطن عزیز کے استحکام اور خوش حالی کے لئے کام کرنا چاہیے، تا کہ حصول پاکستان کے اغراض و مقاصد حاصل ہوں۔ تمام صحافیوں کو چاہیے کہ وو اپنے قلم کے ذریعے حصول پاکستان کے اغراض و مقاصد کے بارے عوام الناس کو بتائیں تا کہ پاکستان کو شاعر مشرق علامہ محمد اقبال اوربا نی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی خواہش کے مطابق بنایا جاسکے۔