• news

نادرا رجسٹرڈ خاندانوں کو بھی مفت آٹا ملے گا ، عمران پر مبینہ حملوں کی تحقیقات کیلئے کمشن کی منظوری


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کے 12 ویں اجلاس میں وزیراعظم اور پنجاب حکومت کی مفت آٹا سکیم میں مزید خاندانوں کو شامل کرنے کا بڑا فیصلہ کیا۔ کابینہ کے فیصلے کے مطابق نادرا میں رجسٹرڈ خاندانو ں کو بھی مفت آٹا دیا جائے گا۔ پنجاب کابینہ نے نادرا میں رجسٹرڈ خاندانوں کو مفت آٹا سکیم میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرا م میں رجسٹرڈ ایک کروڑ 58لاکھ خاندانو ں کو پہلے ہی مفت آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔ محسن نقوی نے صوبائی وزراءاور سیکرٹریز کو فری آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز کے دورے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کی فری آٹا کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ آپ نے آئندہ بھی اسی محنت اور جذبے کے ساتھ سنٹرز کے دورے جاری رکھنے ہیں کیونکہ وزٹ سے سنٹرز پر شہریوں کے لئے انتظامات میں بہت بہتری آئی ہے۔ پنجاب کابینہ نے پاسکو سے3لاکھ میٹرک ٹن مزید گندم لینے کی منظوری دی۔ عمران خان کی جانب سے ان پر مبینہ طورپر قاتلانہ حملوں کے الزامات کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے قیام‘ شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ بجلی کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو متعلقہ صوبے کے حوالے کرنے کے حوالے سے ٹرانزیکشن ایڈوائزر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ میں سیاسی بنیادوں پر تعیناتیوں کو ڈی نوٹیفائی‘
پنجاب سوشل سکیورٹی ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں سیاسی تعیناتیوں کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میڈیم ٹرم مالیاتی فریم ورک (بجٹ سٹریٹجی) رولز 2023 اورپنجاب ان ڈیزائر ایبل کوآپریٹوسوسائٹی ایکٹ 1993میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے بورڈکی جائیداد پر قبضے پرسزا کے خلاف اپیل کاحق سیکرٹری کے علاوہ دوسری اتھارٹی کو دینے کا فیصلہ کیا۔ احساس راشن رعایت پروگرام کو فری آٹا ڈسٹری بیوشن پروگرام میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی۔ شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیگ سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی از سر نو توثیق کی گئی۔ پنجاب حکومت کے اکاو¿نٹس برائے مالی سال 2017-18، 2018-19، 2019-20، 2020-21 اور 2021-22 کے بارے میں آڈٹ رپورٹس کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی سے وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے ملاقات کی۔ پنجاب میں روڈز کی تعمیرومرمت اوربحالی کے پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عوام کی سہولت کیلئے سڑکوں کی تعمیرومرمت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔ موٹرویز پراشیاء خوردونوش کی اوورچارجنگ روکنے کیلئے این ایچ اے سٹاف کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے محدود اختیارات دینے اور ہائی ویز اورموٹر ویز پر مال بردار گاڑیوں کیلئے ایکسل لوڈ کنٹرول کیلئے ضروری اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ جی ٹی روڈ کے اطراف میں تجاوزات ختم کرنے کیلئے مربوط آپریشن کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیشن کے اجراءکے عمل کو بہتر اورتیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ لاہور،گوجرانوالہ جی ٹی روڈ کی تعمیرومرمت کیلئے این ایچ اے کو سفارش کی گئی ہے۔ امامیہ کالونی لاہور کے پراجیکٹ کو تیز رفتاری سے مکمل کر کے عوام کی مشکلات کو کم کیا جائے گا۔ مظفر گڑھ میانوالی ایم ایم روڈ کی تعمیر کیلئے پنجاب حکومت تعاون کرے گی۔ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں بی بی پاکدامن کے مزار کے توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ توسیعی پراجیکٹ کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن