مسلم لیگ ن انتخابات سے خوفزدہ ، چیف جسٹس کو دھمکیاں دے رہی ، قوم سڑکوں پر آنے کیلئے تیار رہے : عمران
لاہور (نیٹ نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کے لیے سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار رہے۔ ٹوئٹر پر بیان میں سابق وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے جیسے 1997ءمیں نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرنے والے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر حملے کے لیے سپریم کورٹ پر دھاوا بولا تھا، ویسے ہی وہ ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکا رہی ہے کیونکہ وہ انتخابات سے خوفزدہ ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ضرورت پڑنے پر پوری قوم آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کے لیے سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار رہے۔ ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے جو اس سازش کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے تیار ہیں۔ میری اپنی وکلاءبرادری سے خصوصی اپیل ہے کہ آئین پاکستان اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے اسی طرح آگے بڑھ کر کردار ادا کریں جیسا انہوں نے 2007ءکی وکلا تحریک کے دوران کیا۔ مسلم لیگ ن دوبارہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکیاں دے رہی ہے، انتخابات سے خوف زدہ ہے۔ ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن آئین و قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی۔ پاکستانی فوج میری فوج ہے اور پاکستان ہم سب کا ہے، عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔ جمہوریت کیلئے تحریک انصاف آخری حد تک جائے گی۔ وکلاءکی تحریک میں پوری قوم ان کے ساتھ ہو گی۔ مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط فوج انتہائی ضروری ہے، قومی ادارے اور ان کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمارے ہزاروں ساتھیوں کو گھروں سے اٹھایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکن کہاں ہیں کسی کو علم نہیں۔ ضرورت پڑنے پر پوری قوم آئین‘ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کیلئے سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہے۔ ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے جو اس سازش کیخلاف کھڑی ہونے کو تیار ہیں۔ عمران خان سے پرویزالٰہی نے ملاقات کی جس میں سپریم کورٹ میں زیرسماعت مقدمے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران نے کہا کہ آئین واضح طورپر کہتا ہے کہ الیکشن 90 روز میں ہونا چاہئے۔ فل کورٹ سے ہمیں فرق نہیں پڑتا۔ پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ عدلیہ تقسیم کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ سپریم کورٹ کے خلاف سازش کا عوام بھرپور جواب دیں گے۔صحافیوں سے گفتگو میں عمران نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے تحریک انصاف ہر آخری حد تک جائے گی۔ عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں‘ آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہے۔