پورا ملک ہیجانی کیفیت میں ہے سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرے گی: شاہد خاقان
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے اس کا سب کو ادراک ہے۔ ملک کے حالات یہاں تک کیسے پہنچے؟۔ ہر روز نئے انکشافات ہو رہے ہیں۔ جولائی 2018ء میں سپریم کورٹ نے غلط فیصلہ دیا جس کی کوئی نظیر نہیں۔ الیکشن چوری کرکے عمران خان کو لایا گیا۔ عمران خان کو لانے والے ہی اب غلطی مانتے ہیں۔ ہم نے 2018ء میں ترقی کرتا پاکستان نگران حکومت کے حوالے کیا تھا۔ ساڑھے تین سال حکومت میں رہ کر عمران خان ایک کام بتا دیں جو ان کی حکومت نے کیا ہو۔ عمران خان رہتے تو حالات مزید بدترین ہوتے۔ (ن) لیگ نے حکومت لینے کا فیصلہ کیا۔ اس کی سیاسی قیمت بھی ادا کرنے کو تیار ہیں۔ ملک چند مہینوں میں 2018ء والی پوزیشن پر نہیں پہنچ سکتا۔ بتایا جائے کیوں 2018ء کا الیکشن چوری کیاگیا۔ کیا یہاں انصاف کے دو پیمانے ہیں۔ نوازشریف کیلئے ایک‘ دوسروں کیلئے اور ہے۔ آج پورا ملک ہیجانی کیفیت میں ہے کہ سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔