لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش‘ الہ آباد میں دیوار گرنے سے نوجوان جاں بحق
لاہور‘ گجرات‘ نارنگ منڈی‘ الہ آباد‘ ٹھینگ موڑ (نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت) لاہور سمیت کئی شہروں میں شدید بارش ہوئی‘ گھروں میں پانی داخل‘ فصل تباہ‘ ایک جان چلی گئی۔ گجرات میں موسلادھار بارش سے پورا شہر پانی میں ڈوب گیا۔ نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ موسلا دھار بارش سے گندم کی فصل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ نارنگ اور گردونواح میں دو روز سے ہونے والی بارشوں کے سلسلہ نے زمینداروں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔ مسلسل بارش سے گندم کی فصل کو شدید نقصان کا اندیشہ بڑھ گیا۔ مسلسل بارشیں جاری رہیں تو گندم کی پیداوار میں کمی ہو جائے گی۔ پنڈ ٹھینگ جٹاں میں بوندا باندی کے بعد دیوار گر گئی جس کے نیچے دب کر نوجوان عبدالغفار جاں بحق ہو گیا۔ عبدالغفار کو سر اور چہرے پر چوٹیں آئیں جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں متوفی کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔