سابق امریکی صدر پر فرد جرم عائد‘ ٹرمپ کا الزامات سے انکار
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نیویارک کی گرینڈ جیوری نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کر دی۔ امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی موجودہ یا سابق صدر کو مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور اگلے سال پھر صدارتی الیکشن لڑنے پر بضد ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ حلف برداری سے پہلے ہی بائیں بازو کے ڈیموکریٹ ان کے پیچھے پڑ گئے تھے تاکہ امریکہ کو عظیم تر بنانے کی تحریک ناکام بنا دیں۔ اب وہ ناقابل تصور حرکت پر اتر آئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کی وکیل علینا جیبا کا کہنا ہے کہ سابق صدر امریکہ کے کرپٹ نظام انصاف کا شکار ہیں۔ یقینی طورپر وہ بری ہوں گے۔ دوسری جانب ری پبلکن رہنمائوں نے ٹرمپ کے خلاف کارروائی انہیں صدارتی الیکشن سے باہر رکھنے کی سیاسی سازش قرار دے دی۔ رپورٹس کے مطابق یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ 2016ء کے الیکشن سے پہلے ٹرمپ کے سابق ذاتی وکیل مائیکل کوہن نے اسٹارمی ڈینیئلز کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیئے تھے تاکہ وہ 2006ء میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے مبینہ افیئر پر خاموشی اختیار کئے رہے۔