شام میں امریکا کے جوابی فضائی حملے میں 8 ایرانی حمایت یافتہ جنگجو مارے گئے: پینٹاگون
واشنگٹن(این این آئی) پینٹاگون نے پہلی بار تصدیق کی ہے کہ شام میں امریکی فضائی حملہ جس میں گزشتہ ہفتے ایران کے حمایت یافتہ ملیشیا کو نشانہ بنایا گیا تھا، میں آٹھ عسکریت پسند مارے گئے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پینٹاگون کے پریس سکریٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے جنگجو ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب سے وابستہ تھے لیکن وہ ایرانی نہیں تھے۔رائڈر نے بتایا کہ ایرانی حمایت یافتہ ملیشا کے ڈرون اور راکٹ حملوں کے نتیجے میں مزید چھ امریکی فوجیوں میں دماغی چوٹوں (ٹی بی آئی)کی تشخیص ہوئی ہے۔ایران کی حمایت یافتہ ملیشیائوں اور امریکی فوج کے درمیان گزشتہ کو ایک امریکی اڈے پر ابتدائی ڈرون حملے کے بعد، جس میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوئے تھے، حملوں کا سلسلہ شروع ہوا۔اس واقعے کے بعد سینٹ کام نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 24 اور 25 مارچ کو مزید تین حملوں میں امریکی اور اتحادی افواج کو نشانہ بنایا گیا ہے۔شام کی جنگ پر نظر رکھنے والے ایک اہم غیر سرکاری گروپ نے کہا کہ امریکی حملوں میں کم از کم 19 جنگجو مارے گئے ہیں۔