• news

بھارت: رام نوامی تہوار پر فسادات، ہندوئوں کے مساجد، مزاروں پر حملے،املاک نذر آتش

نئی دہلی (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی مختلف ریاستوں میں رام نوامی تہوار کے موقع پر ہنگامے پھوٹ پڑے۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا، گجرات، بہار، بنگال اور حیدرآباد سمیت بھارت کے مختلف علاقوں میں انتہا پسندوں نے رام نوامی تہوار کے موقع پر مساجد اور مزاروں پر حملے کئے۔ مہاراشٹرا میں انتہا پسند ہندو نوجوان پولیس کی سرپرستی میں مزار میں ہندوتوا کا جھنڈا لہراتا رہا۔ ادھر گجرات میں پولیس کی سرپرستی میں چادر‘ چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ ہندو انتہا پسندوں کے حملے کے باعث متعدد افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال جاپہنچے۔ ریاست کرناٹک میں رام نوامی تہوار منانے والوں کے جلوس نے مسجد کے باہر نعرے بازی کی اور منع کرنے پر مسلمانوں سے جھگڑ پڑے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک میں رام نومی کی تقریبات کے دوران جنونی ہندوئوں کے جلوس نے افطار کے وقت مسجد کے باہر شدید نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کی۔ جس پر مسجد انتظامیہ اور نمازیوں نے ہجوم کو سمجھانے کی کوشش کیں جو بے سود ثابت ہوئیں جس سے ہنگامہ مزید بڑھ گیا۔ ہاتھا پائی اور چاقو کے وار لگنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔کرناٹک میں ہونے والے اس واقعے کے بعد بھارت کے مختلف علاقوں میں بھی فسادات پھوٹ پڑے۔ بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں اظہر احمد نامی مسلمان کی گاڑی پر رام نوامی کے جلوس کے شرکا نے حملہ کردیا۔اظہر احمد نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ ان کی گاڑی پر ہندو انتہا پسند جماعت بجرنگ دل کے کارکنوں نے پتھرائو کیا اور ڈنڈے برسائے۔ حملہ آوروں نے نعرے لگائے کے مسلمانوں کو پاکستان بھیج دو۔اسی طرح ایک جلوس کے شرکاء نے حضرت گنج محلہ میں مسلمانوں کو ہراساں کیا اور قابل اعتراض نعرے لگائے جس پر کشیدگی بڑھ گئی۔ پو لیس نے ہنگامہ آرائی پر 200 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔علاوہ ازیں اب تک ملک کے دیگر حصوں میں ہونے والی پْرتشدد واقعات میں دو پولیس کی گاڑیاں، 4 موٹر سائیکلیں اور ایک کار کو نذر آتش کیا جا چکا ہے جب کہ مسلمانوں کی املاک کو جلانے اور دکانوں سے لوٹ مار کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن