• news

پنجاب حکومت کارمضان سپورٹس سیریز کرانے کا اعلان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض کی زیر صدارت محکمہ سپورٹس کا اہم اجلاس منعقدہوا،جس میں مشیر کھیل پنجاب نے رمضان المبارک میں رمضان سپورٹس سیریز کرانے کا اعلان کیا، رمضان المبارک سپورٹس مقابلوں کے حوالے سے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اجلاس میں انتظامی معاملات پر بریفنگ دی،اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرز پنجاب شاہد زمان نے بھی شرکت کی۔ وہاب ریاض نے کہا کہ رمضان سپورٹس سیریز میں ہاکی، کرکٹ ٹیپ بال، کبڈی، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور فٹ بال کے مقابلے ہوں گے۔ سپورٹس سیریز میں پنجاب کے تمام ڈویژنز کی ٹیمیں شریک ہونگی۔ رمضان سپورٹس سیریز کا آغاز 4اپریل سے ہو گا،کرکٹ میچز لاہور کے کلبز کے درمیان ہونگے۔ رمضان سپورٹس سیریز میں جیتنے والی ٹیموں کو لاکھوں روپے کے انعامات دیئے جائیں گے،رمضان سپورٹس سیریز کے تمام میچ فلڈ لائٹ میں ہوں گے۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب شاہد زمان نے کہا کہ رمضان سپورٹس سیریز نوجوانوں کےلئے اچھا پلیٹ فارم ہے۔ اس سے کھلاڑیوں کو فلڈ لائٹس میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ رمضان سپورٹس سیریز کےلئے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں، دوسرے ڈویژنز سے آنے والی ٹیموں کو ہرممکن سہولیات دی جائیں گی،اجلاس میں ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن