عمران معاشی ، سیاسی ‘آئینی بحران کا ذمہ دار سہولت کار قوم کا مجرم ، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے عمران خان ملک میں معاشی ، سیاسی اور آئینی بحران کا ذمہ دار ہے جو جو جہاں جہاں اِس فتنہ اور فساد کا سہولت کار ہے وہ قوم کا مجرم ہے، نوجوانوں اور عوام سے جھوٹ بولا، فراڈ کیا اور دھوکہ دیا، نالائق نے اپنی حکومتیں خود گرائیں اور جن سہولت کاروں کے تسلیوں پر اسمبلیاں توڑیں، وہ دم توڑ رہے ہیں۔ عمران خان کے بیان پر ردعمل میں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا عمران صاحب سہولت کاری آخری دموں پہ ہے، تم ماضی کا حصہ ہوتے جا رہے ہو۔ انہوں نے کہا سہولت کاروں کے کہنے پہ آئین توڑا اور کہتے تھے محسن نقوی نے میری حکومت کے خلاف عالمی سازش کی اور اب کہتے ہو وہ تشدد کر رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا پٹرول بم برسانے والے دہشتگردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا تم فارن فنڈنگ ، گھڑی چوری اور اپنی بیٹی کو بیٹی نہ ماننے کی وجہ سے نااہل ہو گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ملک کو تم جیسے فتنے اور فسادی سے نجات دلا کر دم لیں گے، نوجوانوں کو تمہارے جیسے شر سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا 90 روز میں کرپشن بھی ختم ہونی تھی100 دن میں معیشت اور گورننس بھی ٹھیک ہونی تھی، 200 معاشی ماہرین اور200 ارب ڈالر بھی باہر سے آنے تھے، ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر بھی ملنے تھے ،تمہارے دھوکے اور فراڈ کا وقت تمام ہو چکا۔
مریم اورنگزیب