• news

ملت پارک میں گھر کے سامنے فائرنگ سے سابق ایس پی فرحت عباس قتل

لاہور (نامہ نگار) ملت پارک کے علاقے میں نامعلوم حملہ آور نے سابق ایس پی چوہدری فرحت عباس کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بسطامی روڈ، انور پارک میں رہائش پذیر ریٹائرڈ ایس پی 62سالہ چوہدری فرحت عباس اپنے گاؤں پتوکی جانے کے لیے گھر سے نکل کر گاڑی میں سوار ہونے لگے تو ہیلمٹ پہنے شلوار قمیض میں ملبوس نامعلوم حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے 3 فائر مارے۔ فائرنگ کی زد میں آکر فرحت عباس شدید زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی فرحت عباس کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔ پولیس نے فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، ایس پی سی آئی اے کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود سمیت اعلی پولیس افسر موقع پر پہنچ گئے اور ملزم کی گرفتاری کے لئے سی آئی اے اور انویسٹی گیشن ونگ کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ مقتول چوہدری فرحت عباس ستمبر 2020ء میں محکمہ پولیس سے بطور ایس پی ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ مقتول کے بھتیجے سلمان طاہر کی مدعیت میں نامعلوم حملہ آور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور کے علاقے ملت پارک میں ریٹائرڈ ایس پی فرحت عباس کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مقتول کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ایس ایس پی سی آئی اے کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ ایس ایچ او اور انچارج انویسٹی گیشن ملت پارک نے ایس ایس پی سی آئی اے کو شواہد بارے بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن