سیاستدان و سابق ٹیسٹ کرکٹر، نوجوت سنگھ سدھو 10 ماہ بعد جیل سے رہا
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما اور سابق ٹیسٹ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو 10 ماہ بعد جیل سے رہا کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ 34برس قبل کار حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت کے کیس میں انہیں 10 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کانگریس رہنما نے کہا تھا کہ انہیں ان کی رہائی کے بارے میں متعلقہ حکام کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اہلخانہ نے جیل کے باہر سدھو کی رہائی کا انتظار کیا جبکہ بیٹے کا کہنا تھا کہ والد کی رہائی میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی۔ اہلخانہ 8 گھنٹوں سے جیل کے باہر انتظار کر رہے تھے۔ سدھو کے حامی بھی بڑی تعداد میں جیل کے باہر موجود تھے۔