مسجد نبویؐ میں روضہ مبارک کے اطراف سونے اور تانبے کے نئے حصار کا افتتاح
ریاض (این این آئی)صدارت عامہ برائے امور مسجد حرام و مسجد نبوی کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں روضہ مبارک کے اطراف تانبے اور سونے سے بنے نئے حصار کا افتتاح کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اقدام مسجد نبوی کی مشاہداتی شناخت کے تحفظ کے فریم ورک کے اندر آتا ہے۔ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی عمارت کے اردگرد لکڑی کے حصار کی جگہ تانبے کے سنہری حصار نے لے لی تھی۔نیا حصار خالص تانبے سے بنا ہے۔ یہ 87 میٹر لمبا اور ایک میٹر اونچا ہے۔ یہ الگ الگ یونٹس اور ٹھوس تانبے کے حصوں پر مشتمل ہے۔ماہ صیام میں دنیا بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے عمرہ ادا کرنے، روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دینے اور دیگر عبادات کرنے کے لیے حرمین شریفین کا رخ کرلیا ہے۔ اس سال مسجد حرام میں بھی غیر معمولی تعداد میں لوگ موجود ہیں۔ لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پہلی مرتبہ مسجد حرام کی تیسری توسیع کی چھت پر بھی نماز ادا کی گئی ہے۔انتظامی امور کے ادارے عمومی صدارت کے انڈر سیکرٹری کے معاون انڈر سیکرٹری برائے شمالی توسیع انجینئر ولید بن مطیع اللہ المسعودی نے "سنان الرئاس" کو بتایا کہ تیسری سعودی توسیع کو 12 سے زیادہ ہالز کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ نمازیوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر چھت پر بھی نماز کا انتظام کیا گیا ہے۔