سانحہ ماڈل ٹائون کیس: 7 پولیس افسروں کی بریت درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی
لاہور (خبرنگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں سات پولیس افسران کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ فاضل عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت کی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر سماعت بغیر کارروائی 8 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ ہائیکورٹ میں کیس ٹرانسفر کرنے کی درخواست زیر سماعت ہونے کی وجہ سے سماعت بغیر کارروائی ملتوی ہوئی جب کہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے ملک امتیاز اعوان اور ملک عنصر اعوان پیش ہوئے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اور پولیس اہلکاروں نے پیش ہو کر حاضری مکمل کراوئی ۔پاکستان عوامی تحریک نے لاہور ہائیکورٹ میں نئی جے آئی ٹی کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔سابق آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا سابق ڈی آئی جی آپریشنز رانا عبد الجبار سابق ایس پی طارق عزیز ،سابق ایس ایس پی عمر ورک ،سابق ڈی ایس پی خالد ابو بکر ،سابق ڈی ایس پی میاں شفقت اور سابق انسپکٹر بشیر نیازی،سابق ٹی ایم او لاہور علی عباس نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ سابق ڈی سی لاہور کیپٹن عثمان احمد کی بریت کی درخواست منظور ہو چکی ہے۔