گولڈن ٹیمپل پر اجلاس بلاکر بھارتی مظالم اجاگر بھی کریں: مفرور سکھ امرت پال سنگھ
لاہور (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں خالصتان کے حامی سکھ رہنما امرت پال سنگھ نے شری اکال تخت صاحب کے جتھے دار سے اپیل کی ہے کہ 14 اپریل کو وساکھی کے دن سربت خالصہ یعنی تمام سکھ جتھے بندیوں اورگروپوں کا مشترکہ اجلاس گولڈن ٹیمپل امرتسرمیں بلایا جائے جہاں سکھوں پربھارتی حکومت کے مظالم اور ان کی مشکلات پر بات کی جائے۔ وارث پنجاب دے کے سربراہ امرت پال سنگھ گزشتہ دو ہفتوں سے مفرور ہیں اور بھارتی پنجاب کی پولیس ان کی کھوج میں ہے۔ امرت پال سنگھ نے نامعلوم مقام سے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی پولیس انہیں گرفتار نہیں کر سکی ہے اور وہ اس وقت ایک محفوظ مقام پر ہیں۔ انہوں نے کہا اس وقت ان کے بہت سے ساتھیوں کو آسام میں قید کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کی مختلف جیلوں میں بھی سینکڑوں بیگناہ سکھ نوجوان قید ہیں۔ بھارت کی مودی حکومت جان بوجھ کرسکھوں کو منشیات پر لگارہی ہے اور انہیں ان کی مذہبی پہچان پگڑی، داڑھی اورکرپان سے دور کیا جا رہا ہے تاکہ سکھ نوجوان نشے کے عادی ہوکر اپنے حقوق اور خالصتان کی بات نہ کر سکیں۔