بھارت میں بھائیوں نے بہن کو سونا‘ چاندی جائیداد سمیت کروڑوں کا جہیز دیدیا
دہلی (نیٹ نیوز) سونا‘ چاندی‘ جائیداد‘ مہنگی گاڑیوں سمیت 8 کروڑ کا جہیز 4 بھائیوں نے اپنی بہن کو دے دیا، جس کے بارے میں سن کر ہر کوئی حیران ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ انوکھی اور مہنگی ترین شادی بھارتی ریاست راجستھان میں رچائی گئی ہے جہاں ڈھنگسارا گائوں کے ضلع ناگور میں چار بھائیوں نے اپنی بہن کو کروڑوں روپے کا جہیز دیا۔ بھارتی قانون کے مطابق جہیز دینے سے منع کیا گیا ہے۔ جبکہ جہیز اپنے منہ سے مانگنے والوں کیلئے 7 سال جیل کی سزا رکھی گئی ہے‘ لیکن اس کے باوجود راجستھانی بھائیوں نے اپنی بہن کو مہنگا ترین جہیز دیا۔ رپورٹس کے مطابق جہیز میں 2.21 کروڑ نقد‘ 4 کروڑ مالیت کی 100 بیگھہ زمین دی گئی۔ صرف اتنا ہی نہیں 71 لاکھ کا ایک کلو سونا‘ 9.8 لاکھ مالیت کی 14 کلو چاندی‘ 7 لاکھ کا ٹریکٹر اور شادی میں آنے والے مہمانوں کو بھی تحائف دیئے گئے جن کی قیمت کل ملا کے کروڑوں میں تھی۔