پی ٹی آئی نے پاکستانی یہودی تاجر کو اسرائیل جانے کی اجازت دی تھی،طاہر اشرفی
اسلام آباد(خبرنگار)آہنگی اور مشرق وسطی کے بارے میں وزیر اعظم کے خصوصی نمائندہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہیکہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی حکومت نے پاکستانی یہودی تاجر فشیل بن خلد کو اسرائیل جانے کی اجازت دی تھی انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی یہودی تاجر نے کچھ اشیا بشمول کھجور، خشک میوہ جات اور مصالحے ایک عرب دوست ملک کو برآمد کیے اور بعد ازاں اسے اسرائیل بھیجنے میں کامیاب ہوگئے۔پاکستان اور اسرائیل کے درمیان تجارتی تعلقات قائم کرنے کے تاثر کو زائل کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ فشیل بن خلد کو حکومتی سطح پر کوئی اجازت نہیں دی گئی پاکستان علما کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق، نہ تو وزارت تجارت اور نہ ہی وزارت خارجہ نے فشیل کو کوئی نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے معاملے پر پاکستان کا متفقہ موقف ہے لیکن کچھ عناصر ایسے ہیں جو سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں اور انہوں نے حکومت اور اتحادی جماعتوں بالخصوص جمعیت علمائے اسلام(ف)کے خلاف گندی مہم شروع کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام میں غلط تصورات پھیلا کر اسرائیل کے بارے میں قومی موقف کو متنازعہ بنانا شرمناک فعل ہے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان کے اسرائیل کے ساتھ کوئی تجارتی تعلقات نہیں ہیں اور نہ ہی مستقبل میں ایسے تعلقات استوار کرنے کی کوئی کوشش جاری ہے۔