الیکشن کمشن نے ساکھ کھو دی ،تشکیل نو ضروری ہے:خرم نواز گنڈاپور
لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مرکزی قائدین، زونل صدور اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے منصفانہ اور شفاف الیکشن ناگزیر ہے۔ پاکستان عوامی تحریک آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔موجودہ الیکشن کمشن نے اپنی ساکھ کھو دی ہے۔ اس ٹیم کے ہوتے ہوئے شفاف الیکشن ممکن نہیں، بدعنوانوں، سزایافتہ مجرموں اور ڈیفالٹرز کا اسمبلیوں میں داخلہ روکنے کیلئے امیدواروں کی سکروٹنی آئین کے آرٹیکل 62اور 63 کے مطابق کرنا ضروری ہے۔ سپریم کورٹ 90روز کے اندر الیکشن کروانے کے اپنے فیصلے کو یقینی بنائے۔چوہدری پرویز الٰہی کا فون آیا تھا،جب ان سے ملاقات ہو گی تو آئندہ کے سیاسی و انتخابی منظر نامے پر بات کریں گے۔ تقرر و تبادلہ نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں ہے ۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے انتخابی اصلاحات اور الیکشن کمشن کی آئین کے مطابق تشکیل نو کیلئے لانگ مارچ کیا تھا مگر اس وقت کی حکومت نے تحریری معاہدہ کرنے کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اگر کوئی اپنے باپ کی کمائی سے آٹا بانٹ رہا ہے تو پھر مفت کہہ سکتا ہے عوام کا پیسہ تضحیک آمیز طریقے عوام کو دیا جا رہا ہے۔ناقص گندم کا آٹا بانٹ کر بیماریاں پھیلائی جا رہی ہیں۔