ایمر جنسی سروسز نے مارچ میں135960متاثرین کو سروسزفراہم کی
لاہور(نامہ نگار)سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ماہ مارچ2023 کے دوران پنجاب بھر میں 140551ایمرجنسیز کو رسپانڈ کرتے ہوئے135960متاثرین کو سروسزفراہم کی۔140551 ایمرجنسیزمیں 34771 روڈ ٹریفک حادثات، 85825میڈیکل ایمرجنسیز،1608آتشزدگی کے واقعات، 3504جرائم کے واقعات، 72 ڈوبنے کے واقعات،66عمارتیں گرنے،997جانوروں کو ریسکیو کرنے اور13708 متفرق آپریشن شامل ہےِ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔جس میں ریسکیو ہیڈ کوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے تمام ونگز کے سربراہان نے شرکت کی۔صوبائی مانیٹرنگ سیل کے سربراہ نے سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیرکو ماہانہ ایمرجنسی کے اعدادوشمار سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پنجاب میں 34771 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 309 افراد جاں بحق ہوئے۔ ٹریفک حادثات میں سے زیادہ تر 7789 لاہور میں ہوئے جن میں 33 افراد ہلاک ہوئے۔فیصل آباد میں 2597،ملتان میں 2389، گوجرانوالہ میں 2065، راولپنڈی میں 1346،شیخوپورہ میں 1245جبکہ باقی 30اضلاع میں 17340 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے۔ آگ کے زیادہ تر واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں 414، فیصل آباد میں 133، راولپنڈی میں 100، گوجرانوالہ میں 90،ملتان میں 89 اورشیخوپورہ میں 52 رپورٹ ہوئے۔ڈاکٹر رضوان نے ایمرجنسی کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد گزشتہ ماہ کے دوران34771روڈ ٹریفک حادثات میں 309 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے پنجاب کے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں خاص طور پر افطار، تراویح اور نماز جمعہ سے پہلے اور بعد میں چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ صوبائی مانیٹرنگ سیل افطار کے اوقات سے ایک گھنٹہ پہلے اور بعد میں ضلعی کنٹرول رومز کی نگرانی اور کام کو یقینی بنائے گا جو کہ رمضان المبارک کے دوران ٹریفک حادثات کے حوالے سے انتہائی خطرناک اوقات تصور کیے جاتے ہیں۔ ڈاکٹررضوان نصیرنے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے کی اجازت ہرگزنہ دیں۔ حادثات کی روک تھام اور سیفٹی کلچر کو کو فروغ دینے کے لیے رویوں میں مثبت تبدیلی کی ضرورت ہے۔