سیاسی صورتحال کا مل بیٹھ کر حل نکالیں‘ مفتی تقی کا سیاستدانوں‘ اداروں کو مشورہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)نامور عالم دین مفتی تقی عثمانی نے سیاسی صورتحال میں سیاستدانوں اور دیگر اداروں کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنے کا مشورہ دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مفتی تقی عثمانی نے لکھا کہ اگر کسی گھر کے لوگ آپس میں لڑ رہے ہوں اور گھر میں آگ لگ جائے تو کیا اس وقت یہ بحث کی جائے گی کہ آگ کس نے لگائی یا واحد راستہ یہ ہوگا کہ سب مل کر آگ بجھائیں؟ انہوں نے مزید لکھا کہ موجودہ بحران کا حل صرف یہی ہے کہ تمام جماعتیں اور ادارے منافرت اور دشمنی کے بجائے سر جوڑ کر ملک کو بچائیں۔ شیخ الحدیث نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ فوج اور عدلیہ کو یقیناً سیاست میں دخل نہیں دینا چاہئے‘ لیکن ایسے سنگین حالات میں جماعتوں کو ساتھ بٹھا کر غیر جانبداری سے خالص ملک کے مفاد اور قومی سلامتی کیلئے مسئلے کا حل نکالنا ان کا فرض بنتا ہے۔
مفتی تقی عثمانی