ایرانی سرحد پر دہشت گرد حملے میں شہید 4 جوانوں کی اعزاز کے ساتھ تدفین
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)بلوچستان کے ضلع کیچ کے جلگئی سیکٹر میں پاکستان ایران سرحد کے ساتھ معمول کی سرحدی گشت کے دوران سرحد پر ایرانی جانب سے دہشت گردوں کے ایک گروپ کے حملے میں شہید ہونے چاروں سکیورٹی اہلکاروں کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی عبدالرشید اور سپاہی محمد عرفان کی نماز جنازہ بالترتیب کہرار بزدار ( تونسہ) ، کوٹ ادو (مظفر گڑھ)، مانجھی پور (صحبت پور) اور ڈب گورویل (ڈیرہ غازی خان) میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران/ سپاہیوں، شہدا کے عزیز و اقارب اور مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور یہ قربانیاں ہماری آنے والی نسلوں کو ایک پرامن پاکستان فراہم کرنے کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کی تصدیق کرتی ہیں اور ہمارے ایمان کو مضبوط کرتی ہیں۔