• news

حکومت آئندہ ماہ روسی خام تیل کا پہلا آرڈر دے گی:مصدق ملک


اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ ماہ روسی خام تیل کا پہلا آرڈر دے گی جسے پاکستان پہنچنے میں تقریبا 4 ہفتے لگیں گے۔مصدق ملک نے کہا کہ روس کے ساتھ کئی معاہدے طے پاچکے ہیں اور پاکستان آئندہ ماہ آرڈر دے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تاہم تیل کو پاکستان پہنچنے میں کچھ وقت لگے گا، تقریبا 26 سے 27 دن، ساتھ ہی بتایا کہ تیل سمندر کے راستے ملک میں پہنچے گا۔وزیر مملکت نے یہ بھی واضح کیا کہ روس نے حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان کو اتنی ہی رعایت دے رہا ہے جتنا کوئی دوسرا پڑوسی ملک وصول کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 60 فیصد آبادی غریب ہے اور ان کے لیے ہم نے یا تو گیس کے نرخوں میں کمی کی ہے یا اسے ماضی کی طرح برقرار رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہی معاملہ پیٹرولیم سبسڈی کا تھا، جسس کے تحت امیر پیٹرول کے لیے 300 روپے اور غریب اس کے لیے 200 روپے ادا کریں گے۔مصدق ملک نے وضاحت کی کہ امیر اور غریب کے درمیان فرق گیس کے استعمال سے طے کیا جائے گا، جو کہ امیروں کے لیے یکساں رہے گا لیکن نومبر سے مارچ تک سردیوں میں غریبوں کے لیے کم ہو جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن