• news

فارن فنڈڈ نے سی پیک متنازعہ بناکر جرم کیا : شہباز شریف 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے خنجراب پاس دوبارہ کھلنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خنجراب پاس کھلنے سے سی پیک کی رفتار بڑھانے کی راہ میں حائل ایک اور رکاوٹ دور ہو گئی۔ تین سال بعد پاکستان اور چین میں تجارتی راہداری کی بحالی بڑی خوشی کا لمحہ ہے۔ ایک فارن فنڈڈ شخص نے سی پیک کو متنازعہ بنانے کا جرم کیا۔ اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ عظیمآہنی بھائی چین کے ساتھ تجارت کی بحالی خوش آئند ہے۔ امید ہے کہ تجارتی راہداری کھلنے سے دونوں ممالک میں تجارت میں اضافہ ہوگا۔ تین سال بعد دونوں ممالک میں تجارتی راہداری کی بحالی بڑی خوشی کا لمحہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو سفر نومبر2019 ءمیں رکا تھا، وہ 2023 ءمیں پھر سے بحال ہوگیا ہے۔2018 ءمیں سی پیک جس رفتار پر چھوڑ کر گئے تھے، اسے دوگنا سے زیادہ رفتار سے بڑھانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک قائد محمد نواز شریف اور چین کی عظیم قیادت کا خطے اور عوام کے لئے خوش حالی اور ترقی کا تحفہ ہے۔ امید ہے کہ دونوں ممالک میں تجارتی سرگرمیوں میں ہر روز اضافہ ہو گا۔ ایک فارن فنڈڈ شخص نے سی پیک کو متنازعہ بنانے کا جرم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین کی قیادت اور عوام کی پاکستان کے لئے محبت اور تعاون ناقابل فراموش ہے۔ وزیراعظم نے تجارتی و سفری بحالی پر دونوں ممالک کے حکام اور ٹیم ممبرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن