حکومت بائیکاٹ کی دھمکی سے سپریم کورٹ کو بلیک میل نہیں کر سکتی: پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف جیسے مفرور مجرم کی سربراہی میں حکومتی اجلاس قوم اور اداروں کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ نواز شریف خود تو تاحیات نااہل اور بھگوڑا ہے، شہباز شریف نے اپنے بھائی کی ضمانت دی ان کے خلاف بھی کیس ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا غیر آئینی مطالبات پر مبنی اعلامیہ سپریم کورٹ کے امور میں کھلی مداخلت ہے، حکومتی اعلامیے میں سپریم کورٹ کے خلاف دھمکی آمیز اور توہین آمیز زبان استعمال کی گئی ہے۔ حکومت بائیکاٹ کی دھمکی دے کر سپریم کورٹ کو بلیک میل نہیں کر سکتی۔ الیکشن رکوانے کیلئے حکومت کا آخری حربہ بھی ناکام ثابت ہو گا، الیکشن کی راہ میں حائل رکاوٹیں جلد دور ہوجائیں گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت سب پرانے اتحادیوں سے رابطے بحال ہو چکے ہیں۔ بلوچستان حکومت اور جی ڈی اے میں بھی حکومت کی آئین اور ملک دشمن پالیسیوں پر سخت تحفظات پائے جاتے ہیں۔ عمران خان جلد تمام ہم خیال جماعتوں کا اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔