پرویز الٰہی کا ایم کیو ایم سے رابطہ، پی ٹی آئی کراچی کے تحفظات
کراچی (کامرس رپورٹر) پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کے ایم کیو ایم سے رابطے پر پی ٹی آئی کراچی قیادت نے تحفظات کا اظہار کردیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس آفتاب صدیقی کی سربراہی میں انصاف ہائوس میں ہوا جس میں اراکین کی اکثریت سے ایم کیو ایم سے رابطہ نہ کرنے پر زور دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی ارکان نے کہا کہ پرویز الٰہی نے رابطہ کرلیا تھا تو بہتر ہوتا کہ کراچی قیادت کو اعتماد میں لیتے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کراچی قیادت نے شاہ محمود قریشی کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔پی ٹی آئی ارکان نے کہاکہ ایم کیو ایم پی ڈی ایم کی اتحادی ہے ان سے ہاتھ نہیں ملا سکتے۔ارکان اسمبلی نے کہاکہ انہیں ایم کیو ایم سے نہ کوئی مدد چاہیے نہ ہی وہ ان سے ملنا چاہتے ہیں، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات کے بعد ایم کیو ایم سے مزید رابطے نہیں کیے جائیں گے۔