• news

الیکشن پر اتفاق رائے کیلئے تمام پارٹیوں سے رابطے کریں گے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی سراج الحق نے قومی انتخابات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے تمام پارلیمانی پارٹیوں سے رابطوں کا اعلان کیا ہے اور انہیں منصورہ کا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے مذاکرات کے آغاز کی دعوت دی ہے۔ قیصر شریف کے ہمراہ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ سیاسی، معاشی بحران کے بعد ملک آئینی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، ایک دوسرے کو مسترد کرنے کا کھیل جاری ہے۔ مثبت پیش رفت جس کے لیے قوم ترس رہی ہے وہ کوئی نہیں ہے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ایک دوسرے کی نفی کرنے کی بجائے مشترکات کی طرف آنے کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی نے ملک میں آئینی بحران پیدا کیا ہے اور اب بات ایک بار پھر وہی پر آ گئی ہے کہ میرا جج زندہ باد اور تمہارا جج مردہ باد۔ ادارے متنازعہ ہو رہے ہیں۔ عدالتوں کے اندر سیاسی مسائل حل ہوں گے نہ ہی مارشل لاء یا کسی ٹیکنوکریٹ یا صدارتی نظام سے بہتری آئے گی، عوام ہی اس ملک کے وارث ہیں، ان سے ہی فیصلہ لینا پڑے گا۔ خدانخواستہ لیبیا اور شام کی سی صورتحال بھی بن سکتی ہے۔ عدالتوں کے فیصلے متنازعہ ہوگئے۔ دو صوبوں میں الیکشن سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ تحریک انصاف کا وفد ہمارا موقف جاننے کے لیے آیا تھا ہم نے انہیں بتا دیا کہ جماعت اسلامی ایک ہی روز انتخابات کے حق میں ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی بھی قربانی دے، قومی اور دو صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرے اور ذاتی کی بجائے قومی مفادات کو مدنظر رکھے۔ ہم چاہتے ہیں عدالت، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمشن غیر جانبدار ہو جائیں۔ گوادر کے حقوق اور ہدایت الرحمن بلوچ کی رہائی کے لیے یکم مئی کو پورے ملک میں احتجاجی تحریک کے آغاز کا بھی اعلان کیا ہے اور وہ اسی روز گوادر میں بھی عظیم الشان احتجاجی جلسہ سے بھی خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا  ہدایت الرحمن پر جھوٹے مقدمات کے خاتمے کے لیے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن