ر بِ کریم نے رمضان حضور ؐ کے صدقے امت کو عنایت کیا ،پیر نقیب الرحمن
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے )دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ر بِ کریم نے حضور نبی کریم ؐ کے صدقے نہایت عظمتوں، رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ رمضان المبارک ہم پر انعام کیا ہے جس کے دوسرے عشرہ ِمغفرت میں ہم داخل ہو گئے ہیں۔ یہ وہ عظیم ماہِ مبارک رمضان جو ہم پر سایہ فگن ہے اتناعظیم و با برکت مہینہ ہے کہ جس کی آمد پر حضور نبی رحمت ؐ اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کو اکھٹا فر ما کر اس کی اہمیت اورعظمت کے متعلق خطبہ ارشاد فرمایا کرتے اور حضرت علی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم فرماتے ہیں کہ ربِ رحمان نے یہ مہینہ عطا ہی اس لئے فرمایا کہ وہ اپنے پیارے حبیب ؐ کی امت کی مغفرت فرمانا چاہتا ہے۔ اِس ماہِ مبارک میں ہمیں کوشش اِس امر کی کرنی ہے کہ ہم صاحب ِ تقوی بن جائیں اور ہمارے دلوں میں صرف اور صرف یہ تمنا ہو کہ یہ مہینہ ہمارے رب کا مہینہ ہے اور ہمارا رب ہم سے راضی ہو جائے۔ حضور نبی رحمت ؐ کا ارشاد مبارک ہے کہ مومن دوسرے مومن کا آئینہ ہے اور تمہارا ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک اپنے مسلمان بھائی کے لئے بھی وہ نہ چاہو جو اپنے لئے چاہتے ہو۔ اس حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں ہمیں اپنے گفتار و کردار کا جائزہ لینا چاہئے کہ اگر ہم اپنے لئے آسانی، عزت، بھلائی اور خیر چاہتے ہیں تو یہی سب کچھ ہمیں اپنے مسلمان بھائیوں اور مخلوقِ خدا کیلئے بھی چاہنا چاہئے۔ اسی ذریعے سے ہم فضا کو صاف اور معطر کر سکتے ہیں اور ربِ رحمان کی رضا و خوشنودی کو پا سکتے ہیں حضور نبی رحمت ؐ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ تفکراتِ دنیا سے بچو اور تم سب میں دانا وہ ہے جسے موت یاد رہے اور فکرِ آخرت لاحق ہو۔ اسی فکرِ آخرت سے ہماری زبان، گمان اور نیت درست ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا اور حضور نبی رحمت ؐ کی انہی عظیم ترین تعلیمات سے مستفیض ہونے کیلئے کل بروز سوموار مبارک عید گاہ شریف میں ایک عظیم الشان محفلِ ذکرِ قرآن و صاحبِ قرآن ؐ انعقاد پذیر ہو گی جس میں خصوصی خطاب پیر محمد حسان حسیب الرحمن کا ہو گا جبکہ کثیر تعداد میں علمائے کرام، مشائخِ عظام، نعت خوانانِ عظام، وابستگانِ عید گاہ شریف اور کثیر تعداد میں عوام الناس بھی شرکت کرے گی درسِ حدیثِ پاک کی محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعا کی۔