• news

آئی جی نے 506ٹریفک وارڈنز کی بھرتی کیلئے سمری حکومت کو بھجوا دی 


لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق محکمانہ ترقی ہر پولیس افسر و اہلکار کا بنیادی حق ہے جو اسے ہر صورت ملے گا۔ ٹریفک وارڈنز کی پروموشن کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کےلئے سینئر ٹریفک وارڈنز کی 506 نئی آسامیوں کی سمری حکومت پنجاب کو منظوری کیلئے بھجوا دی ہے۔ اس اقدام سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے بڑے اضلاع میں خدمات سر انجام دینے والے سینکڑوں وارڈنز کو اگلے سکیل میں ترقی مل سکے گی۔ لاہور میں 271 ، راولپنڈی میں 90 ، فیصل آباد میں 75 ، ملتان میں 45 اور گوجرانوالہ میں 25 وارڈنز سینئر ٹریفک وارڈنز بن جائیں گے جبکہ پرانی خالی سیٹیں ختم ہونے سے حکومت کے خزانے پر کوئی اضافی اخراجات بھی نہیں پڑیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پیشہ ورانہ کیرئیر میں ترقی کی راہ ہموار ہونے سے تمام وارڈنز کا مورال بلند ہوگا اور صوبہ بھر کی ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری آئےگی۔ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں اور لائسنس اجراءکےساتھ ساتھ شاہرات پر شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ٹریفک کی ہموار روانی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک وارڈنز کی ترقیوں کیلئے سمری پر دستخط کر دیئے اور منظوری کیلئے حکومت پنجاب کو بھجوا دی ہے۔ نئی آسامیوں کی منظوری سے ٹریفک وارڈنز کا سروس سٹرکچر مضبوط ہوگا اور وہ مزید محنت ، تندہی اور لگن سے فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن