شیخوپورہ :رمضان میں مفت آٹا کی سبسڈی شہریوں کیلئے وبال جان
شیخوپورہ(عظیم علی شیخ ، سید علی معظم رضوی سے)رمضان المبارک میںعوام کو دی گئی مفت آٹا کی سبسڈی شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی ہے اس وقت شیخوپورہ کا مرکزی مفت آٹا فراہمی سنٹر کرکٹ اسٹیڈیم نوگو ایریا بن کر رہ گیا ہے جہاں صرف مرد و خواتین آٹا کے حصول کیلئے صبح سویرے کھڑے ہو کر شام تک انتظار کے بعد گھروں کو روانہ ہو جاتے ہیں جبکہ سنٹر کو جانے والی تمام سڑکوں کو بھی بند کرکے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا گیا ہے سنٹر کے اندر اور باہر بڑی بڑی قطاریں شہریوں کیلئے انتہائی اذیت کا باعث بن گئی ہیں آٹا کے حصول کے دوران کئی مرد و خواتین آپس میں الجھتے اور لڑتے دکھائی دے رہے ہیں اور اگر حالات بے قابو ہو جائیں تو پھر پولیس کا لاٹھی چارج عمل میںلایا جاتاہے آٹا لینے والے مرد و خواتین نے بتایا کہ پہلے تو کئی روز کی خواری کے بعد آٹا مل رہا ہے تو وہ بھی اس قدر ناقص غیر معیاری اورمضر صحت ہے کہ اسے کھانے سے توانائی ملنے کی بجائے مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں حکومت کا مفت آٹا کی فراہمی کا فیصلہ عوام کیلئے کسی طرح بھی ریلیف کاباعث ثابت نہیں ہوا انتظامیہ کی نااہلی نے اس حکومت اقدام کو عوام کیلئے وبال جان بنادیا ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب فوری نوٹس لیں اور معیاری آٹاکی فراہمی یقینی بناتے ہوئے عوام تک اسکی رسائی سہل بنائیں تاکہ درپیش عوامی دشواریوں کا خاتمہ ہوسکے۔