شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار پہلے 8 ماہ میں 34.1 فیصد اضافہ
فیصل آباد (آئی این پی)ملک میں شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوارمیں جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں سالانہ بنیادوں پر34.1فیصد کی نموریکارڈ کی گئی ہے۔ نیپرا کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے فروری تک کی مدت میں شمسی توانائی کے ذریعے 608گیگاواٹ آوورزبجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 34.1فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمسی ذرائع سے 453گیگاواٹ آوورزبجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق فروری میں شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی پیداوارمیں سالانہ بنیادوں پر41.1فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ فروری میں شمسی توانائی کے ذریعے 82گیگاواٹ آوورزبجلی حاصل ہوئی جو گزشتہ سال فروری میں 58گیگاواٹ آوورز تھی۔ جنوری کے مقابلے میں فروری میں شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی پیداوار میں ماہانہ بنیادوں پر13.6فیصد کی نمودیکھنے میں آئی ہے۔ جنوری میں شمسی ذرائع سے 72گیگاواٹ آوورزبجلی کی پیداوارحاصل ہوئی جو فروری میں بڑھ کر82گیگاواٹ آوورزہوگئی۔