بینظیر تعلیم وظیفہ 7000 روپے سے بڑھا کر 8500 کر دیا، شازیہ مری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور بینظیر کفالت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو مزید مستعدی اور دیگر اقدامات زیادہ شفاف انداز میں اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ یہ بات انہوں نے زوم پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام یوسف خان، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور اور تمام ڈائریکٹر جنرلز بشمول صوبوں اور علاقوں کے سربراہان نے شرکت کی۔سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے وفاقی وزیر کو بینظیر کفالت کی جاری سہ ماہی تقسیم کے بارے میں بریفنگ دی جسے وفاقی حکومت نے 7000 روپے سے بڑھا کر 8500 کر دیا ہے۔ بینظیر تعلیم وظیفہ کی تقسیم، سندھ حکومت کی جانب سے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کسانوں کو گندم کے بیج کی سبسڈی کی ادائیگی، اور آٹے کی سبسڈی کی ادائیگیوں سمیت دیگر اقدامات کی تفصیلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے سیکرٹری بی آئی ایس پی سے کہا کہ وہ صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں افرادی قوت کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کریں۔