• news

90 روز میں الیکشن کیلئے آئین ‘ سپریم کورٹ‘ ہائیکورٹ ایک صفحہ پر ہیں: پرویزالٰہی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)  سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے وزیرآباد چودھری پرویزالٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ہیڈ ڈاکر عبدالوحید نے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی  نے کہا کہ عمران خان کے خوف سے پی ڈی ایم دماغی توازن کھو چکی ہے۔ حکومت دہشت گردوں سے لڑنے کی بجائے عدلیہ اور عوام سے لڑ رہی ہے۔ آج پوری قوم جاگ رہی ہے اور آئین پاکستان پر پہرہ دے رہی ہے۔ انشاء اللہ فتح آئین اور عوام کی ہوگی۔ چیف جسٹس سرخرو ہونگے اور سپریم کورٹ کے خلاف نوازشریف کے ناپاک ارادے خاک میں مل جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ سوموٹو اور بنچوں کی بحث ثانوی اور سپریم کورٹ کا اندرونی معاملہ ہیں۔ اصل بات نوے روز میں الیکشن کی ہے جس پر سپریم کورٹ کے معزز ججوں میں کوئی اختلاف نہیں۔ تمام جج صاحبان کہہ چکے  ہیں کہ نوے روز میں الیکشن آئین کا تقاضا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ پہلے ہی نوے روز میں الیکشن کا حکم دے چکی ہے۔ پاکستان کا آئین‘ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تینوں 90 روز میں الیکشن کیلئے ایک صفحہ پر ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آٹے کی قطاروں میں مرنے والوں کا خون شہبازشریف اور محسن نقوی کی گردن پر ہے۔ مفت آٹے کے نام پر غریبوں میں ذلت اور موت بانٹی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن