لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، سرگودھا، راہگیر جاں بحق: بلوچستان، کے پی میں راستے کھول دیئے گئے
سرگودھا‘ اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ آئی این پی‘ اے پی پی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سرگودھا میں پھسلن کے باعث ایک شخص گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا۔ لاہور کے علاقے ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، اور اطراف میں ہلکی بارش ہوئی، کاہنہ، گجومتہ، نشتر کالونی اور اطراف میں بھی بارش نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا ہے۔ گلبرگ، اچھرہ، وحدت روڈ اور اطراف میں بھی ہلکی بارش سے سردی واپس آ گئی ہے۔ دوسری جانب شدید بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تیز ہوائوں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں بالخصوص گندم کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ ادھر پنجاب کے دیگر شہروں اوکاڑہ، رینالہ خورد اور حجرہ شاہ مقیم میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ مختلف علاقوں میں بارش ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ شدید بارش سے نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔ سرگودھا میں شدید بارش کے دوران چک 39 شمالی ریلوے پھاٹک کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شہری شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو نے فوری طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال ایمرجنسی منتقل کیا گیا‘ لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا جس کی شناخت سمیت پولیس مصروف تفتیش ہے۔ خیبر پی کے میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ صوبائی محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں موسم ابر آلود اور کہیں کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا شاندار کارنامہ۔ لینڈ سلائیڈنگ سے بلوچستان اور خیبر پی کے کے دشوار گزار راستوں کو ہنگامی بنیادوں پر 12 گھنٹے کے اندر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ داناسر کے مقام پر حالیہ شدید بارشوں سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہ شدید متاثر ہوئی اور تمام تر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی جس پر وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے این ایچ اے کے متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کیں۔ پہاڑی تودے ہٹانے کا یہ کام انتہائی مشکل تھا جس کی وجہ سے شاہراہ کی بحالی میں کئی دن لگ سکتے تھے۔ تاہم این ایچ اے کے انجینئرز و دیگر متعلقہ عملہ نے رمضان المبارک کے روزے رکھتے ہوئے اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری مواصلات اور این ایچ اے کے متعلقہ افسران و عملہ کی ان کاوشوں کو بے حد سراہا ہے۔