رکن اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے اختیار کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت‘ الیکشن کمشن کو نوٹس
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کے کسی رکن اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے اختیار کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری منیر احمد کی متفرق درخواست پر سماعت کی جس میں الیکشن کمشن کے کسی رکن اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت نے درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی معاونت کیلئے بلا لیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق کے مطابق الیکشن کمشن ایک انتظامی ادارہ ہے جس کی ذمہ داری انتخابات اور حلقہ بندیاں کرانا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے الیکشن ایکٹ 2017ء کی سیکشن 137(4) کو آئیں پاکستان سے متصادم قرار دینے کی درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمشن سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا، درخواست میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمشن کا کام ملک میں عام انتخابات کرانا اور حلقہ بندیاں کرانا ہے، یہ ادارہ عدالتی اختیارات استعمال نہیں کر سکتا ہے، نہ ہی اس ادارے کو براہ راست کسی کو نااہل قرار دینے کا قانونی اختیار ہے۔