• news

کچے میں آپریشن: ڈاکوئوں کا تھانے پر حملہ، تھانیدار شہید، ڈی ایس پی سمیت 2زخمی

تنگوانی (رپورٹ: پیر بخش نوناری) کندھ کوٹ میں ڈاکوئوں نے درانی مہر تھانے پر حملہ کرکے ایس ایچ او کو شہید‘ ڈی ایس پی سمیت دو اہلکار زخمی کردیئے۔ اور درانی مہر تھانے کچے میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں ڈاکوئوں کے بھیہ گینگ، جاگیرانی گینگ، سبزہوئی گینگ کے 60 سے زائد ڈاکوئوں نے درانی مہر تھانے کو گھیرے میں لیکر فائرنگ کر دی۔ جدید اسلحہ سے پولیس پر حملہ کیا گیا۔ اینٹی ایئر کرافٹ گن اور راکٹ لانچر کے گولے فائر کئے گئے۔  ایس ایچ او عبداللطیف میرانی شہید ہو گئے جبکہ ڈی ایس پی قلندر بخش سومرو، پولیس اہلکار محمد اسحاق میرانی زخمی  ہو گئے۔ جبکہ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے سندھ حکومت کی جانب سے دی جانے والے اے پی سی چین بھی ناکارہ ثابت ہو گئے۔ اے پی سی چین پر بیٹھے ہوئے پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ضلع بھر کی مزید پولیس نفری کو درانی مہر کچے کے علاقے میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اے پی سی چین کی مدد سے شہید ایس ایچ او اور زخمی ڈی ایس پی  اور پولیس اہلکار کو ہستال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے کچے کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرکے کچے میں آپریشن تیز کر دیا۔ پولیس کی مدد کیلئے رینجرز بھی کچے میں پہنچ گئے۔ جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ایس ایس پی عرفان سموں نے بتایا ہے میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ اطلاعات ہیں 10 سے 12 ڈاکو ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درانی مہر تھانے پر حملہ آور ڈاکوئوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن