• news

آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی پر 56افسروں واہلکاروں انعامات ،اسناد تقسیم کیں

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ اور خدمت کیلئے درد ِدل، خلوصِ نیت اور جذبہ جہا دکے تحت فرائض ادا کئے جائیں۔صوبے کے تمام اضلاع میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں میں مرحلہ وار 8 کروڑ کے انعامات تقسیم کئے جارہے ہیں اور جو بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اسکی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور پولیس کے 56 افسران واہلکاروں میں قریباً 11لاکھ کے انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ان ٹیموں میں سی آئی اے، انویسٹی گیشن سمیت دیگر شعبوں میں خدمات سر انجام دینے والے افسران و اہلکار شامل تھے، انسپکٹرز کو 30، سب انسپکٹرز کو25،اے ایس آئیز کو20، ہیڈ کانسٹیبل کو15جبکہ کانسٹیبل کو 10ہزار فی کس معہ تعریفی اسناد دی گئیں۔آئی جی پنجاب نے لاہور میں ریٹائرڈ ایس پی فرحت عباس کے قاتل کو گرفتار کرنے والی سی آئی اے ٹیم کو کیش انعام اور تعریفی اسناد سے نوازا، دیگر افسران و اہلکاروں نے ڈکیتی، قتل، اغواءسمیت دیگر سنگین وارداتوں کے ملزموں کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے انعام پانے والے افسران واہلکاروں کو پہلے سے زیادہ محنت اور دلجمعی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کے احکامات دئیے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی سٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر اور اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن