• news

ایشیا کپ پاکستان میں نہ ہوا تو ورلڈ کپ بھی نیوٹرل مقام پر کرایا جائے: معین خان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ بھارت ایشیاکپ کھیلنے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان کو بھی نہیں جانا چاہیے۔ ایشیاکپ پاکستان میں نہ ہوا تو ورلڈکپ بھی نیوٹرل مقام پر کرایا جائے۔ بھارت پیسے کی دھونس سے دوسرے کرکٹ بورڈز پر مرضی نہیں تھونپ سکتا۔ بھارت ایشیاکپ نیوٹرل مقام پرکھیلے توپاکستان کے میچزبھی نیوٹرل مقام پرہوں۔ کرکٹ ہونی چاہیے اس کیلئے پاک بھارت بورڈز میں بات چیت ہونی چاہیے۔ بھارت کیوں پاکستان آنے سے کتراتا یا گھبراتا ہے؟ وجوہات معلوم ہونی چاہیے۔ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ ڈپلومیسی ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کیخلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا خوش آئند ہے۔ فاسٹ بولر محمدعامر بہترین کھلاڑی ہیں۔ محمدعامر کی پرفارمنس اچھی ہے توٹیم میں ضرور شامل کریں۔ شاداب خان کو بطور کپتان صرف ایک سیریزملی۔ شاداب خان کو نائب کپتانی سے فوری طور پر ہٹانا مناسب نہیں ہوگا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان سپرلیگ میں بہترین کپتانی کی۔ انہوں نے مسلسل 2سال لاہور قلندرز کو فاتح بنایا۔ شاہین شاہ آفریدی کے پوٹینشل کو نظرانداز نہیں کیاجا سکتا۔ مستقبل میں شاہین آفریدی قومی ٹیم کے کپتان کیلئے بہترین انتخاب ہوسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن