حکومت‘ریاستی ادارے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں:شجاع الدین
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر تنظیم اسلامی کے شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ حکومت، اپوزیشن اور تمام ریاستی ادارے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مِن و عَن عمل کریں، اجتماعی زندگی کے معاملات کو نمٹاتے ہوئے بعض اوقات دنیا بھر میں تنازعات کھڑے ہو جاتے ہیں پاکستان کی سیاسی جماعتیں ایک سال سے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے باہم الجھی ہوئیں تھیں۔ اس دوران پنجاب اور KPK کے وزراءاعلیٰ نے اپنی اسمبلیاں تحلیل کر دیں آئین کے مطابق نگران وزراءاعلیٰ مقرر کر دیئے گئے لیکن اُنہوں نے آئین کے مطابق 90 روز میں الیکشن کروانے کے حوالے سے لیت و لعل سے کام لینا شروع کر دیا۔ بدقسمتی سے سیاست دان خودباہمی افہام و تفہیم سے اس معاملہ کو طے کرنے میں ناکام رہے اور بات عدالت تک پہنچ گئی اور بالآخرسپریم کورٹ نے فیصلہ کر دیا کہ پنجاب کے الیکشن 14 مئی 2023ءکو کروائے جائیںگے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ کسی فرد یا جماعت کی ہار یا جیت نہیںیہ آئین اور قانون کی جیت ہے۔ دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے جو یہ تاثر اُبھر رہا تھا کہ ہمارا ملک ’بنانا ریپبلک ‘بن چکا ہے وہ بھی ذائل ہوا ہے لہٰذا یہ پاکستان کی بھی جیت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا اخلاقی، قانونی اور آئینی فرض ہے کہ وہ اس فیصلے پرمِن وعَن عمل درآمد کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ تنظیم اسلامی کایہ سوچا سمجھا اور طے شدہ موقف ہے کہ پاکستان کی بقاءاور سلامتی اسلامی نظام کے قیام سے وابستہ ہے جس کے لیے پُر امن،منظم اور انقلابی جدوجہد ضروری ہے ۔