سعودی عرب سے تعلقات بحالی کے بعد ایران نے امارات کیلئے بھی سفیر نا مزد کردیا
تہران (آئی این پی‘ نیٹ نیوز) ایران نے متحدہ عرب امارات میں 8سال بعد اپنا پہلا سفیر مقرر کردیا۔ ایران نے سینئر سفارتکار رضا امیری کو سفیر نامزد کیا ہے جو 8 سال بعد متحدہ عرب امارات میں ایران کے سفیر کے طور پر تعینات ہوں گے۔ واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب نے اپنے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ایرانی صدر کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی ہے۔ 2016ءمیں متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کرلیے تھے۔ سعودی عرب‘ ایران میں سفارتی تعلقات جنوری 2016ءمیں اس وقت منقطع ہوگئے تھے جب سعودی عرب میں ایک شیعہ عالم کو پھانسی دی گئی تھی جس کے ردعمل میں تہران میں سعودی سفارتخانے پر مظاہرین نے حملہ کر دیا تھا۔ اس پر سعودی عرب نے اپنا سفیر واپس بلا کر ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کر لئے تھے۔ سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کیلئے متحدہ عرب امارات سمیت دیگر عرب ممالک نے بھی اپنے سفیر واپس بلا لئے تھے۔