• news

سٹیٹ بنک پالیسی ریٹ میں اضافے سے کامیابی بارے آگاہ کرے:اشرف بھٹی

لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پالیسی ریٹ میں مزید اضافے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیٹ بنک سے سوال ہے یہ بتایا جائے پالیسی ریٹ میں مسلسل اضافے سے کن کن شعبوں میں مثبت اثرات برآمد ہوئے ہیں؟۔ہیجان کی کیفیت کی وجہ سے کاروبار ی سر گرمیاں پہلے ہی سکڑ رہی ہیں اور رہی سہی کسر پالیسی ریٹ میں اضافے کے ذریعے پوری کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض کی قسط نہ ملنے کے باوجود اس کی تمام کڑی شرائط کو پیشگی پوری کرنے کی منطق سمجھ سے بالا تر ہے۔ پاکستان میں پالیسی ریٹ خطے سمیت دیگر ممالک کے مقابلے میں بلند ترین سطح پر ہے ایسے میں کون قرض لے کر کاروبار میں سرمایہ کاری کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ پالیسی ریٹ میں اضافے سے سرمایہ کارمارکیٹ میں پیسہ لگانے کی بجائے اسے بینکوں میں رکھنے پر ترجیح دیتے ہیں۔ مطالبہ ہے کہ سٹیٹ بینک پالیسی ریٹ میں اضافے سے ہونے والی کامیابی سے آگاہ کرے بصورت دیگر اسے مرحلہ وار سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن