یونائیٹڈ بزنس کے گروپ لیڈرز کافائونڈر گروپ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار
لاہور(کامرس رپورٹر )رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے تمام گروپ لیڈرز نے لاہور چیمبر آف کامرس کے سب سے پرانے ’’فائونڈر گروپ‘‘ کی قیادت پر مکمل و غیرمتزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور صنعتکار و تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے متفقہ طور پر نہ صرف اس کی حمایت جاری رکھنے بلکہ اسے مزید مضبوط بنانے کا عہد کیا ہے۔ گزشتہ روز یہ واضح یقین دہانی یو بی جی کے چیئرمین اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین شہزاد علی ملک کی طرف سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر کرائی گئی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدور اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کی بڑی تعداد نے ڈنر میں شرکت کی۔ گروپ لیڈرز نے قومی، صوبائی اور علاقائی سطح پر کاروباری برادری کے حقوق کی وکالت کرنے اور ان کو درپیش شکایات کے ترجیحی بنیادوں پر ازالے کو کوششیں کرنے پر ’’ فائونڈرگروپ‘‘ کی بے لوث خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اس کے چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں متحد ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی تاجر برادری کی فلاح و بہبود کیلئے وقف کر رکھی ہے۔ میزبان شہزاد علی ملک نے اظہار تشکر کرتے ہوئے گروپ لیڈرز اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ ’’فائونڈرگروپ‘‘ کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔