لاہور ٹیکس بار : محمد وسیم چودھری کی ریٹائرمنٹ پر ریفرنس
لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو محمد وسیم چودھری کی ریٹائرمنٹ پر ریفرنس کا انعقاد کیا۔ جس میں صدر لاہور ٹیکس بار زاہد پرویز،نائب صدر رانا کاشف ولائت،جنرل سیکرٹری اعجاز علی بھٹی ،پاکستان ٹیکس بار کے صدر رانا منیر حسین ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان چودھری ،محمد نعیم شاہ،شہباز بٹ،قاری حبیب الرحمن زبیری،جمیل اختر بیگ،نعمان یحییٰ،زاہد عتیق چودھری سمیت اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو لاہور کے تمام جوڈیشل اور اکائونٹنٹ ممبران موجود تھے۔ شرکا ء نے کہا کہ بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وسیم چودھری کی خدمات قابل ستائش ہیں۔لاکھوں ٹیکس دہندگان کوٹربیونل سے فوری انصاف مل رہا ہے جس سے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ لاہور ٹیکس بار کی طرف سے وسیم چودھری کو یاد گاری شیلڈ اور گلدستے پیش کیے گئے۔اس موقع پر لاہور ٹیکس بار کے صدر زاہد پرویز اورجنرل سیکرٹری اعجاز بھٹی نے سٹیٹ بنک کی طرف سے پالیسی ریٹ میں ایک فیصد مزید اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21فیصد شرح پر کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہے ،پہلے ہی کاروباری سر گرمیاں 60فیصد بند ہو چکی ہیں اور جو 40فیصد چل رہی ہیں وہ بھی آخری سانسیں لے رہی ہیں۔آئی ایم ایف سے ابھی نائنتھ رویو کلیئر نہیں ہوا اس سے پہلے ہر شرط کو نافذ کر کے عوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔